تاثیر 3 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی (مظفر عالم)
ضلع مجسٹریٹ سیتامڑھی کے انچارج سنجیو کمار کی صدارت میں عوامی شکایات، جن سنوائی، آر ٹی پی ایس، سی ایم ڈیش بورڈ، سی پی گرام اور دیگر پلیٹ فارم پر زیرِ التوا معاملات کے متعلق سے ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوئی۔
اجلاس کے دوران انچارج ڈی ایم نے واضح الفاظ میں کہا کہ آر ٹی پی ایس ایکٹ کا بنیادی مقصد شہریوں کو سرکاری خدمات کی تیز، شفاف اور معیاری فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اس لیے تمام متعلقہ افسران مقررہ وقت کے اندر خدمات فراہم کرنا ہر حال میں یقینی بنائیں۔ کسی بھی سطح پر لاپرواہی یا تاخیر کو سنگین کوتاہی تصور کیا جائے گا اور اس پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوامی مفاد سے جڑی اہم خدمات جیسے ذات سرٹیفکیٹ، رہائشی سرٹیفکیٹ، آمدنی سرٹیفکیٹ، داخل خارج، پنشن اسکیموں اور دیگر فلاحی منصوبوں کی بروقت اور معیاری عمل آوری پر خصوصی زور دیا۔ انچارج ڈی ایم نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کا حق قانون شہریوں کو بہتر طرزِ حکمرانی کا حقیقی احساس دلاتا ہے، اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو وقت پر انصاف اور سہولت میسر ہو۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ موصول ہونے والی شکایات کا وقت مقررہ میں ازالہ کیا جائے اور ہر سطح پر کام کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے تئیں بیدار رہیں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ فورمز کے ذریعے اپنی شکایت درج کرائیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہر پنچایت میں آر ٹی پی ایس خدمات کی دستیابی پر باقاعدہ نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر شکایتی نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ اجلاس میں ضلع جن سنوائی، وزیراعلیٰ جن سنوائی، عوامی شکایات، سی ایم ڈیش بورڈ اور سی پی گرام سے متعلق زیرِ التوا درخواستوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ہدایت دی گئی کہ تمام بقایا معاملات کو مکمل سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ نمٹایا جائے۔ کام میں تاخیر، غفلت یا سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس اجلاس میں تمام ضلع سطح کے افسران موجود تھے، جبکہ تمام بلاک اور حلقہ سطح کے افسران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شریک ہوئے۔

