مرگژھی اُتسوَم میں کلاسیکی رقص کے ذریعے عقیدت کا اظہار

تاثیر 22 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 22/ جنوری (پریس ریلیز) روحانی سرشاری اور الوہی قربت کا احساس اور اس عقیدت کے اظہار کا ایک بہترین ذریعہ رقص اور موسیقی ہیں۔ جنوبی ہند، خصوصاً تمل ناڈو میں عقیدت و ریاضت کے مقدس مہینے مرگژھی اُتسوَم کے موقع پر اسی روحانی روایت کو کولکاتا میں بھی متعارف کرانے کی کوشش کی گئی۔
نٹیہ شری سمرتی دیبجانی چٹرجی نے اپنی ڈانس اکیڈمی پرابھا کلا بھومی کے اشتراک سے شہر کولکاتا کے عوام کو مرگژھی اُتسوَم کی روحانی اہمیت سے روشناس کرایا۔ اس سلسلے میں سری گرو وایوراپن مندر، کالی گھاٹ، کولکاتا میں 20 جنوری 2026 کو دو گھنٹے پر مشتمل شاندار بھارتی کلاسیکی رقص کا اہتمام کیا گیا۔
اس پروگرام میں ملک کے مختلف حصوں کے علاوہ بیرونِ ملک سے بھی نامور فنکاروں نے شرکت کے لیے درخواست دی اور اپنی فنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ موہنی آٹم، اوڈیسی، منی پوری اور بھارت ناٹیم جیسے کلاسیکی رقص کی دلکش پیشکشوں نے ناظرین کو مسحور کر دیا۔ ہر فنکار کی پیشکش نہ صرف دیدہ زیب بلکہ یادگار ثابت ہوئی۔
تقریب میں فنونِ لطیفہ کی ممتاز شخصیات ڈاکٹر تھنکمانی کُٹی، ڈاکٹر مہوا مکھرجی، شری جی۔ وی۔ سبرامنیم، شری آر۔ جوی کمار، سمرتی امیتا دتہ اور سمرتی پریتی پٹیل کی موجودگی نے پروگرام کو چار چاند لگا دیے۔