تاثیر 25 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مغربی سنگھ بھوم، 25 جنوری : مغربی سنگھ بھوم ضلع میں اتوار کو ایک بڑا سانحہ ٹل گیا جب چائی باسا سے تقریباً آٹھ کلومیٹر دور سنگاجتا کے قریب چھوٹا تھولکو علاقے میں ایک چلتے ہوئے سی این جی ٹیمپو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ یہ واقعہ تقریباً 11:30 بجے پیش آیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ چند منٹوں میں ٹیمپو مکمل طور پر شعلوں کی لپیٹ میں آگیا جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق جس ٹیمپو میں آگ لگی، نمبر JH05CK 4953، جمشید پور کے منگو (توریہ بیرا) کے رہنے والے ببن سنگھ کا تھا، جو خود گاڑی چلا رہا تھا۔ ٹیمپو پینٹ آئل سے لدا ہوا تھا۔ چلتی گاڑی سے اچانک دھواں نکلتا دیکھ کر ڈرائیور نے عجلت کے ساتھ ٹیمپو کو سڑک کے کنارے روکا اور اپنی جان بچاتے ہوئے فوراً باہر کود گیا۔ اس کے بعد آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی اور کچھ ہی دیر میں پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بلند شعلے اور کالے دھوئیں کے بادل دور سے دکھائی دے رہے تھے جس سے سڑک پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک میں خلل پڑا۔

