تاثیر 15 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 15 جنوری:مکرسنکرانتی کے موقع پر گنگاساگر کے ساحل پر تقریباً 85لاکھ لوگ عقیدت کی ڈبکی لگانے کے لئے پہنچے۔ مغربی بنگال حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ان لوگوں نے جمعرات کی صبح گنگا ساگر میں اسنان کیا۔
اس سال گنگا ساگر میلے میں ایک انوکھا منظر دیکھنے کو ملا۔ پہلی بار،تیسری صنف (خواجہ سرا) سادھوؤں کی منظم موجودگی درج کی گئی۔ ان کے لیے ایک خصوصی اکھاڑا قائم کیا گیا ہے اور اسے دیکھنے کے لیے عقیدت مندوں کا ایک بڑا ہجوم جمع ہو رہا ہے۔ اب تک میلے میں ٹرانس جینڈر سادھو مختلف شکلوں میں آتے تھے لیکن اس بار دوسرے سادھوؤں کے تعاون سے انہیں اپنا الگ اکھاڑا ملاہے۔ جونا اکھاڑا سے کل 12 خواجہ سرا سادھو گنگا ساگر پہنچے ہیں۔
مکر سنکرانتی کے موقع پر گنگا ساگر میلہ پوری طرح عقیدت کے رنگوں میں ڈوبا ہوا نظر آیا۔ اب تک تقریباً 85 لاکھ عقیدت مند اسنان کے لیے گنگا ساگر پہنچ چکے ہیں۔ جنوبی 24 پرگنہ ضلع انتظامیہ کے مطابق، جمعرات کی دوپہر تک اسنان کا وقت باقی رہنے کی وجہ سے رات تک عقیدت مندوں کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچنے کی امید ہے۔ کپل منی آشرم کے سربراہ مہنت گیان داس جی مہاراج نے کہا کہ عقیدت مندوں نے جمعرات کی صبح سے ہی مقدس ڈبکی لینا شروع کر دی ہے۔

