وزیر جنگلات نے راجوری میں برف باری سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی خدمات کی بحالی کا جائزہ لیا

تاثیر 30 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 30 جنوری :وزیر برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امور جاوید احمد رانا نے راجوری میں ضلع افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی، جس میں برف باری سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی خدمات کی بحالی اور سڑکوں کی صفائی کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے حالیہ برف باری سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی، بجلی اور سڑک رابطہ بحال کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہے۔
وزیر نے ضلع انتظامیہ کو ضرورت کے مطابق اضافی افرادی قوت اور مشینری تعینات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عوامی مشکلات کو کم سے کم رکھنے کو ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے بحالی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے لیے مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل پر بھی زور دیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے وزیر کو بتایا کہ مختلف محکموں کی ٹیمیں چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں رسائی بہتر بنانے کے لیے اندرونی اور اہم سڑکوں کی صفائی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔