تاثیر 25 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کیمور،25جنوری: بہار کے کیمور میں مورتی وسرجن جلوس کے دوران فحش گانوں کا احتجاج لوگوں کو مہنگا پڑ گیا۔ واقعہ رام گڑھ تھانہ علاقے کے نرہان گائو ں میں پیش آیا۔ جب ایک لڑکی نے وسرجن جلوس کے دوران فحش گانے بجانے کے خلاف احتجاج کیا تو کچھ سماج دشمن عناصر نے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور مارپیٹ کی۔
حملہ میں لڑکی شدید زخمی ہوگئی اور اسے علاج کے لیے بھبھوا صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد متاثرہ کے خاندان نے رام گڑھ تھانہ میں چار لوگوں کے خلاف نامزد ایف آئی آر درج کرائی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری ہے۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نتن کمار سنگھ، پولیس سپرنٹنڈنٹ ہری موہن شکلا، سب ڈویزنل پولیس افسر پردیپ کمار، ایس ڈی ایم، اور کئی دیگر اعلیٰ حکام کل دیر رات رام گڑھ تھانہ پہنچے اور واقعہ کی جانکاری حاصل کی۔ موہنیا کے ڈی ایس پی پردیپ کمار نے واقعہ اور کارروائی کی تصدیق کی۔

