حکومت تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں ناکام رہی ہے: سنیل شرما

تاثیر 1 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, یکم جنوری :اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے جمعرات کو نیشنل کانفرنس (این سی) حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے نوجوان مخالف اور میرٹ مخالف قرار دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ این سی حکومت نے اقربا پروری کو فروغ دے کر جموں و کشمیر کے بے روزگار نوجوانوں کی امیدوں کو ٹھیس پہنچائی ہے۔سنیل شرما نے کہا کہ انتخابات کے دوران کیے گئے بڑے وعدوں کے باوجود عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت اہل اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق قابل امیدواروں کے لیے دروازے کھولنے کے بجائے حکومت نے مشتبہ انتظامی فیصلوں کے ذریعے ریٹائرڈ افسران کو دوبارہ ملازمت دینے کا راستہ اختیار کیا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حال ہی میں دوبارہ تعینات کیے گئے ایک ریٹائرڈ افسر، جو مبینہ طور پر ایک سینئر سیاسی رہنما کے قریبی رشتہ دار ہیں،اُن کو جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری احکامات کے تحت دوبارہ سروس میں لیا گیا۔ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کا ایک اور ریٹائرڈ افسر محکمہ سیاحت میں ایڈجسٹ کیا گیا تھا۔