تاثیر 30 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ڈبرو گڑھ (آسام)، 30 جنوری : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو ڈبرو گڑھ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک بڑا بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آسام میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمانتا بسوا سرما کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) تیسری بار اقتدار میں آتی ہے تو ایک ایک بنگلہ دیشی درانداز کو ریاست سے باہر کر دیا جائے گا۔
اپنے خطاب میں امت شاہ نے کانگریس پارٹی پر الزام عائد کیا کہ کانگریس نے صرف ووٹ بینک کی سیاست کے لیے آسام کو بنگلہ دیشی دراندازوں کی افزائش گاہ میں تبدیل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں غیر قانونی قابضین کو قاضی رنگا جیسے محفوظ علاقوں اور گروجن کی مقدس زمینوں تک پر آباد ہونے کی ہمت دی گئی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آسام میں آبادیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں لانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمانتا بسوا سرما کے ڈبرو گڑھ میں دوسری راجدھانی قائم کرنے کے فیصلے کی ستائش کی اور آسام کے لوگوں کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا۔
امت شاہ نے آسامی چائے کو لے کر بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام کی چائے کو پیرس سے لے کر برلن تک عالمی سطح پر پہچان دلائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کے بعد آسام کی چائے کو بین الاقوامی مارکیٹ میں نئی بلندیاں حاصل ہوں گی اور آسام کی چائے بغیر کسی ڈیوٹی کے یورپ میں پہنچے گی۔ اس سے چائے کی صنعت اور چائے کے باغات کے کارکن مستفید ہوں گے ۔

