تاثیر 28 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ہوڑہ، 28/ جنوری (تاثیر بیورو) ہوڑہ کے چونا واٹی میں واقع نارائنا ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے جدید نیونیٹل سہولیات اور مربوط طبی کوششوں کے ذریعے محض 760 گرام وزن اور 27 ہفتوں میں پیدا ہونے والی قبل از وقت نومولود بچی کی جان بچا لی۔ پیدائش کے فوراً بعد بچی کو شدید سانس کی تکلیف لاحق ہوئی، جس کے باعث اسے این آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔
علاج کے دوران آنتوں میں خطرناک رکاوٹ کی تشخیص ہوئی، جس پر فوری سرجری ناگزیر قرار دی گئی۔ ڈاکٹر گوتم چکرورتی کی قیادت میں ماہرین پر مشتمل ٹیم نے نہایت باریک بینی سے کامیاب آپریشن انجام دیا۔ بعد ازاں سیپس، سانس اور آنکھوں سے متعلق پیچیدگیوں کا بھی بروقت علاج کیا گیا۔
ڈاکٹر اکھلیشور نارائن چودھری کے مطابق انتہائی کم وزن کے نوزائیدہ بچوں میں ہر لمحہ فیصلہ کن ہوتا ہے۔ تقریباً دو ماہ کی مسلسل نگہداشت کے بعد بچی کی حالت مستحکم ہوئی اور اسے صحت یاب حالت میں گھر بھیج دیا گیا۔ ہاسپٹل انتظامیہ نے اس کامیابی کو جدید سہولیات اور ٹیم ورک کا ثمر قرار دیا۔

