اورائی پولیس کی بڑی کارروائی — 40 لاکھ روپے مالیت کا 88 کلو گانجہ ضبط، اسمگلر فرار

تاثیر 8 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفر پور ( نزہت جہاں)
 ضلع کے اورائی تھانہ پولیس نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف ایک بڑی اور سنسنی خیز کارروائی انجام دی ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ناکہ بندی کی اور کئی کلو میٹر تک تیز رفتار تعاقب کے بعد ایک لگژری کار سے تقریباً 40 لاکھ روپے مالیت کا گانجہ برآمد کر لیا۔ تاہم گاڑی الٹنے کے بعد اسمگلر موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
اورائی تھانہ کے انچارج راجا سنگھ کو پختہ اطلاع ملی تھی کہ سیتامڑھی کے راستے ایک لگژری گاڑی میں بھاری مقدار میں گانجہ لے جایا جا رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی شکرپور کے قریب پولیس نے ناکہ بندی کر دی۔ مشتبہ گاڑی کے پہنچتے ہی اسے رکنے کا اشارہ کیا گیا، مگر اسمگلروں نے رفتار بڑھا دی اور فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے تعاقب شروع کیا۔
گاڑی گڑھے میں الٹ گئی، ملزم فرار
کئی کلو میٹر طویل فلمی انداز کے تعاقب کے دوران اسمگلروں کی گاڑی کنٹرول ہو کر سڑک سے نیچے گہرے گڑھے میں الٹ گئی۔ حادثے کے فوراً بعد اندھیرے اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسمگلر موقع سے غائب ہو گئے۔ پولیس کو وہاں صرف الٹی ہوئی لگژری گاڑی برآمد ہوئی۔
گاڑی سے 88 کلو گانجہ برآمد برآمد کیا گیا
گاڑی کو تھانے لا کر جب مکمل تلاشی لی گئی تو پولیس اہلکار بھی حیران رہ گئے۔ گاڑی کے خفیہ خانوں سے 88 کلو گانجہ برآمد ہوا، جس کی قیمت تقریباً 40 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے اسے منشیات کے دھندے کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SSP) سشیل کمار نے بتایا کہ اورائی پولیس کی مستعدی سے منشیات کی بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے۔ گاڑی کے رجسٹریشن اور انجن–چیسس نمبر کی بنیاد پر مالک کی شناخت کی جا رہی ہے اور بہت جلد اسمگلروں کو گرفتار کر کے جیل بھیجا جائے گا۔ پولیس اس نیٹ ورک کے اصل سرغنہ کی تلاش میں بھی مصروف ہے۔