تاثیر 22 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 22/ جنوری (تاثیر بیورو) انسانی حوصلے، سائنسی مہارت اور خدمتِ انسانیت کی شاندار داستان پر مبنی کتاب “Touching Tomorrow: Miracles Do Happen” کی رسمِ اجراء 22 جنوری 2026 کو پریس کلب، کولکاتا میں منعقد ہوئی۔ اس کتاب کی مشترکہ مصنفہ ڈاکٹر سپرنا گنگو پادھیائے (سربراہ، نیورو ری ہیبلیٹیشن ڈپارٹمنٹ، انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کولکاتا) اور ڈاکٹر لال بھاٹیہ (پی ایچ ڈی)، عالمی مفکر اور اسٹروک کے بعد نئی زندگی کی مثال ہیں۔
کتاب میں نیورو ری ہیبلیٹیشن ٹیم کے چھ افراد سے عالمی شہرت یافتہ 75 ماہرین تک کے سفر، مریضوں کی کامیاب بحالی، جدید علاجی طریقوں اور انسان دوستی پر مبنی قیادت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر (ڈاکٹر) آر پی سین گپتا، او بی ای تھے، جبکہ دیگر معزز شخصیات میں ایم کے سنگھ (آئی پی ایس ریٹائرڈ)، باچی کرکریا، ارون لال، ابو طاہر خان اور دھیمن داس شامل تھے۔
یہ کتاب اس پیغام کو مضبوطی سے پیش کرتی ہے کہ “معجزات اتفاق نہیں، مستقل محنت، صبر اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہوتے ہیں۔”

