ایم ایل ایز کو ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال سے متعلق تفصیلی تحریری معلومات فراہم کی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ

تاثیر 13 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 13 جنوری : جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے اپوزیشن بی جے پی کے ارکانِ اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ ہر ایم ایل اے کو ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال سے متعلق تفصیلی تحریری معلومات فراہم کی جائیں گی۔یہ یقین دہانی وزیر اعلیٰ نے جموں ضلع کی مجموعی ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران دی، جس میں اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے، آبپاشی سہولیات میں بہتری، سیلاب بحالی کے کاموں کو مضبوط بنانے اور فنڈز کے مؤثر استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ہر ایم ایل اے کو ایک تفصیلی مکتوب موصول ہوگا، جس میں ان منصوبوں کی نشاندہی کی جائے گی جن پر کام کیا جا سکتا ہے، جو تاحال شروع نہیں ہو سکے، ان کی وجوہات اور آئندہ کا لائحہ عمل شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ کسی منصوبے کو ترجیح دی جائے اور پھر اسے پسِ پشت ڈال دیا جائے۔ آپ کو ایک خط کے ذریعے بتایا جائے گا کہ ہم کیا کر رہے ہیں، کیا کر چکے ہیں اور مستقبل میں کیا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاکہ سب کو صورتِ حال سے آگاہ رکھا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے شروع کی گئی مشن یووا سرگرمیوں کے انعقاد کے دوران متعلقہ حلقوں کے ایم ایل ایز کو اعتماد میں لیا جائے۔