تاثیر 1 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ، یکم جنوری : مغربی بنگال میں پہلی بار ایک خاتون افسر کو چیف سکر یٹری مقرر کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے نندنی چکرورتی کو نیا چیف سکریٹری مقرر کیا ہے۔ اس فیصلے کا اعلان بدھ کی رات نو نا سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کیا گیا۔ سبکدوش ہونے والے چیف سکریٹری منوج پنت کو چیف منسٹر ممتا بنرجی کا چیف سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
نندنی چکرورتی اس سے قبل ہوم، پہاڑیوں اور سیاحت کے محکموں کی سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ جگدیش پرساد مینا کو ریاست کا نیا داخلہ سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ نندنی چکرورتی 1994 بیچ کی آئی اے ایس آفیسر ہیں اور جون 2029 کے آخر میں ریٹائر ہونے والی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ 2029 کے لوک سبھا انتخابات تک چیف سکریٹری کے طور پر کام کریں گی۔ مینا آج یکم جنوری سے باضابطہ طور پر ہوم سکریٹری کا عہدہ سنبھالیں گے۔
منوج پنت کی میعاد 30 جون کو ختم ہوئی۔ ریاستی حکومت کی درخواست پر مرکزی حکومت نے ان کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع کی جو 31 دسمبر کو ختم ہوئی۔ چنانچہ نئے سال سے پہلے نئے چیف سیکرٹری کی تقرری ضروری ہو گئی۔ بدھ کی رات، محکمہ انتظامی اور عملہ نے نندنی چکرورتی کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا۔ بدھ کو، نو نا میں، سبکدوش ہونے والے چیف سکریٹری منوج پنت نے اپنی جانشین نندنی چکرورتی کو گلدستہ پیش کیا اور انہیں مبارکباد دی۔

