قومی سڑک تحفظ بیداری ڈی ایم نے سڑک تحفظ بیداری رتھ کو ہری جھنڈی دکھا کر کیا روانہ

تاثیر 6 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیـتامڑھی (مظفر عالم)
قومی سڑک تحفظ بیداری ماہ–2026 کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے عوام کو ٹریفک قوانین کے تئیں بیدار کرنے کے مقصد سے سڑک تحفظ بیداری رتھ کو ضلع مجسٹریٹ رِچی پانڈے نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ بیداری رتھ ضلع کے مختلف علاقوں میں گھوم کر عوام کو ہیلمٹ پہننے، سیٹ بیلٹ لگانے، رفتار کی حد پر عمل کرنے اور سڑک تحفظ کے دیگر اہم اصولوں کے بارے میں بیدار کرے گا۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ سڑک حادثات کو روکنے کا سب سے مؤثر طریقہ ٹریفک قوانین پر ایمانداری سے عمل کرنا ہے۔ سڑک تحفظ صرف انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ زندگی بچانے والے اقدامات ہیں، جنہیں صرف چالان کے خوف سے نہیں بلکہ اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کے لیے اپنانا چاہیے۔ ڈی ایم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تیز رفتاری، نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے اور موبائل فون استعمال کرتے ہوئے ڈرائیونگ سے پرہیز کریں تاکہ سڑک حادثات میں مؤثر کمی لائی جا سکے۔ پروگرام کے دوران بتایا گیا کہ ضلع ٹرانسپورٹ آفس، سیـتامڑھی کی جانب سے سڑک تحفظ ماہ کے تحت پورے ضلع میں بیداری مہم، تشہیری سرگرمیاں اور ٹریفک قوانین کے نفاذ کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ضلع ٹرانسپورٹ افسر پرشانت کمار نے کہا: قومی سڑک تحفظ بیداری ماہ کے دوران ضلع انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ عوام میں محفوظ ٹریفک رویّے کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں۔ ہمارا مقصد صرف جرمانہ نہیں بلکہ لوگوں میں ذمہ دارانہ اور محفوظ عادتیں پیدا کرنا ہے۔” س تقریب میں اضافی کلکٹر (آفاتِ انتظام) برج کشور پانڈے، ضلع ٹرانسپورٹ افسر، محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر افسران و ملازمین، موٹر وہیکل انسپکٹر اور متعلقہ افسران موجود تھے۔