این آئی اے نے علیحدگی پسندرہنما یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی درخواست کی، 22 اپریل کو سماعت

تاثیر 28 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دہلی، 28 جنوری: دہلی ہائی کورٹ نے قتل اور ٹیرر فنڈنگ( دہشت گردی کی مالی معاونت) کے معاملے میںقصوروار قرار دیئے گئے علیحدگی پسند رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کی درخواست پر بدھ کوسماعت ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس نوین چاولہ کی سربراہی والی بنچ نے این آئی اے کو یاسین ملک کے جواب پر اپنا جواب داخل کرنے کا آخری موقع دیا۔ اب کیس کی اگلی سماعت 22 اپریل کو ہوگی۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے 25 مئی 2022 کو یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد این آئی اے نے یاسین ملک کے لیے سزائے موت کی مانگ کی ہے ۔ عدالت نے یو اے پی اے کی دفعہ 17 کے تحت عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 18 کے تحت 10 سال قید اور 10,000 روپے جرمانہ، دفعہ 20 کے تحت 10 سال قید اور 10,000 روپے جرمانہ، دفعہ 38اور 39 کے تحت پانچ سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔