کتاب میلہ میں کلکتہ ہائی کورٹ کی میڈی ایشن کمیٹی کا مقبول اسٹال

تاثیر 23 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 23/ جنوری (تاثیر بیورو) 49واں بین الاقوامی کولکاتا کتاب میلہ کا آغاز سالٹ لیک کے سینٹرل پارک میں ہو چکا ہے جو 3 فروری تک جاری رہے گا۔ اس بار کتاب میلہ کے گیٹ نمبر 5 کے قریب اسٹال نمبر 325 پر کلکتہ ہائی کورٹ کی میڈی ایشن اینڈ کنسیلی ایشن کمیٹی کا اسٹال خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں روزآنہ بڑی تعداد میں لوگ معلومات حاصل کرنے پہنچ رہے ہیں۔
اس اسٹال کے ذریعے عوام کو بتایا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کلکتہ ہائی کورٹ کی میڈی ایشن کمیٹی کس طرح مصالحت کے ذریعے مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ کمیٹی کے اراکین اور عملہ میڈی ایشن سے متعلق کتابچے اور لٹریچر تقسیم کر رہے ہیں۔
کلکتہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار انسولوینسی و میڈی ایشن کمیٹی کے انچارج ڈاکٹر شبھاسیش موہری نے بتایا کہ سال 2009 سے یہ کمیٹی سرگرم ہے اور پورے مغربی بنگال میں 72 اے ڈی آر مراکز کے ذریعے تنازعات کا خوش اسلوبی سے حل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رازداری اور غیر جانبداری کے اصولوں پر مبنی میڈی ایشن کا پیغام عام لوگوں تک پہنچانے کے مقصد سے کتاب میلہ میں یہ اسٹال قائم کیا گیا ہے۔