تاثیر 22 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 22 جنوری : مدھیہ پردیش کے سیہور واقع ستیہ سائیں یونیورسٹی ایک بڑے فرضی ڈگری اسکینڈل کے سبب جانچ کے دائرے میں آ گئی ہے۔ راجستھان اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی یونیورسٹی اور اس سے منسلک کئی ٹھکانوں پر ایک ساتھ چھاپے ماری سے ہنگامہ مچ گیا ہے۔
یہ کارروائی راجستھان میں سال 2020 کی پی ٹی آئی (فزیکل ٹریننگ انسٹرکٹر) بھرتی عمل میں سامنے آئی بے ضابطگیوں کے بعد کی گئی ہے۔ جانچ میں 67 امیدواروں کی ڈگریاں فرضی ملنے کا انکشاف ہوا تھا۔ راجستھان سے آئی ایس او جی کی خصوصی ٹیم نے سیہور واقع یونیورسٹی کیمپس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے مالک کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا۔ ٹیم نے یونیورسٹی میں پڑھنے والے کچھ طالب علموں کے تعلیمی دستاویزات کی باریکی سے جانچ کی۔
یہ جانچ بدھ سے شروع ہو کر جمعرات تک چلی۔ اس کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں ریکارڈ، فائلیں اور ڈیجیٹل دستاویزات کھنگالے گئے۔ ایس او جی افسران نے یونیورسٹی کے پیش کردہ ریکارڈ کو مشکوک بتاتے ہوئے کہا کہ کئی دستاویزات آپس میں میل نہیں کھا رہے ہیں۔

