تاثیر 24 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
رامیشورم، 24 جنوری : نیا پمبن پل بن کر تیار ہے اور استعمال میں ہے۔ نتیجتاً، پرانے پامبن ریلوے پل کو اگلے چار ماہ کے اندر ہٹانے کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔ تمل ناڈو کے منڈپم مین لینڈ اور رامیشورم جزیرے کو جوڑنے میں پامبن ریل برج اور اندرا گاندھی روڈ برج کا اہم کردار رہا ہے ۔ پامبن ریل برج (شیرزرس برج ) کا افتتاح 1914 میں ہوا تھا اور اسی کے ساتھ ریل ٹریفک شروع ہوئی۔ یہ ہندوستان میں سمندر پر بنا پہلا ریل پل ہے۔
جہاز کی آمدورفت کے پیش نظر اس پل میں ریلوے ٹریک کے بیچ ایک لفٹ برج بنایا گیا تھا،جو اس کی خصوصیت رہی ہے۔ 1964 میں آئے گردابی طوفان میں اس پل کو نقصان پہنچا ، جس کے بعد اس کی مرمت کرکے اسے دوبارہ استعمال میں لایا گیا۔
100 سال سے زیادہ پرانے پل کو بار بار تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ نتیجتاً، 2019 میں ایک نئے پل کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور 2020 میں تعمیر شروع ہوئی۔ پانچ سال کی تعمیر کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ برس 6 اپریل کو نئے پامبن ریل پل کا افتتاح کیا۔

