تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ویانا،31جنوری:عالمی برادری کو چاہیے کہ غزہ میں انسانی مسائل کم کرنے کی کوششوں کو تیز کرے۔ یہ بات بین الاقوامی ریڈ کراس کے سربراہ نے جمعہ کے روز کہی ہے۔ وہ غزہ میں جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے بعد تعمیر نو کے حوالے سے بات کر رہے تھے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت غزہ میں جنگ بندی کا آغاز دس اکتوبر 2025 کو ہوا تھا۔ جبکہ اسرائیلی جنگ کا آغاز غزہ میں سات اکتوبر 2023 کو ہوا تھا۔ تاہم جنگ بندی کے بعد بھی اسرائیل کی طرف سے مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔امریکہ نے رواں ماہ کے دوران ہی جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے اور صدر ٹرمپ کے زیر صدارت امن بورڈ قائم کیا ہے۔ریڈ کراس کے سربراہ مرجانا سپولجارک نے دنیا کی ریاستوں پر زور دیا کہ ریاستیں پہلے مرحلے کی رفتار کو بروئے کار لاتے ہوئے جنگ بندی معاہدے پر عمل کی رفتار کو تیز بنائیں تاکہ غزہ میں انسانی حالات بہتر ہو سکیں۔انہوں نے کہا پندرہ ہفتوں سے زائد کے دورانیے میں جنگ بندی معاہدے کے مطابق دونوں طرف کے قیدیوں کی رہائی ممکن بنائی گئی ہے۔ نیز ہلاک کردیے گئے قیدیوں کی لاشیں اور باقیات بھی واپس کرائی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں آخری اسرائیلی ہلاک شدہ قیدی کی باقیات اسی ہفتے کے شروع میں واپس اسرائیل بھیجی گئی ہیں۔

