تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بریدہ، 31 جنوری:کنگ عبداللہ اسپورٹ سٹی اسٹیڈیم میں جمعہ کی دیر رات کھیلے گئے مقابلے میں النصر نے زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے الخلود کو 0-3 سے شکست دی۔ اس جیت میں کرسٹیانو رونالڈو، کنگسلے کومن اور محمد سیماکن نے گول داغے۔ اس جیت کے ساتھ النصر 18 میچوں میں 43 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے مقام پر قائم ہے اور سر فہرست موجود الہلال سے تین پوائنٹس پیچھے ہے۔
میچ کی شروعات سے ہی النصر نے جارحانہ رخ اختیار کیا۔ شروعاتی 15 منٹ میں الخلود کی دفاعی لائن کو سخت مشقت کرنی پڑی۔ پانچویں منٹ میں النصر گول کے بے حد قریب پہنچ گیا تھا، جب گول کیپر جوان پابلو کوزانی کی غلط کلیئرنس کے بعد رونالڈو نے خالی نیٹ پر شاٹ مارا، لیکن گیند کو گول لائن سے باہر نکال دیا گیا۔ حالانکہ میزبان الخلود پوری طرح دباو میں نہیں دکھا اور دھیرے دھیرے اس نے بھی حملے تیز کیے۔ پہلے ہاف میں اسے فری کک سے سنہرا موقع ملا، لیکن عبدالعزیز العلیوہ کا شاٹ سیدھے النصر کے گول کیپر بینٹو کے ہاتھوں میں چلا گیا۔
پہلے ہاف کے بعد اسکور 0-0 رہا اور الخلود کو امید جاگی کہ وہ مقابلے میں برقرار رہ سکتا ہے۔ لیکن دوسرے ہاف کی شروعات میں ہی النصر نے میچ کا رخ بدل دیا۔ 48ویں منٹ میں جواو فیلکس اور رونالڈو کے شاندار تال میل کے بعد رونالڈو نے نزدیک سے گیند کو جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے محض پانچ منٹ بعد فیلکس نے کارنر پر درست گیند ڈالی، جس پر سیماکن نے طاقتور ہیڈر سے دوسرا گول کر دیا۔

