تاثیر 20 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور۔( نزہت جہاں)بہار کے مظفرپور ضلع کے سکرا تھانہ علاقہ سے اغوا کیے گئے نوجوان منیش کمار کے قتل اور لاش جلانے کا چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مقتول کے اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ منیش کو اغوا کرنے کے بعد بے دردی سے قتل کیا گیا اور ثبوت مٹانے کی نیت سے اس کی لاش کو جلا دیا گیا۔ اس سنگین معاملے میں چوک علاقے کے ایک ہوٹل مالک کی شمولیت بتائی جا رہی ہے۔ اگرچہ پولیس اب تک منیش کمار کی لاش برآمد نہیں کر سکی ہے، جس کی وجہ سے پورا معاملہ مزید مشتبہ اور پراسرار بنتا جا رہا ہے۔ لاش نہ ملنے پر اہلِ خانہ میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ واقعہ سے مشتعل اہلِ خانہ اور مقامی لوگوں نے سکرہ چوک پر سڑک جام کر کے زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ملزمان کی فوری گرفتاری، قتل کے معاملے کی جلد پردہ فاشی اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔ سڑک جام کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک آمد و رفت مکمل طور پر متاثر رہی اور عام لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو سمجھا بجھا کر سڑک جام ختم کروایا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام نکات پر باریکی سے تفتیش کی جا رہی ہے اور بہت جلد معاملے کا انکشاف کیا جائے گا۔ فی الحال نوجوان کے مبینہ قتل اور لاش جلانے کے الزام نے پورے علاقے میں خوف و ہراس اور سنسنی کی فضا قائم کر دی ہے، جبکہ عوام پولیس کی کارروائی پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

