تاثیر 8 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 8 جنوری :شمالی ہندوستان اس وقت شدید سردی اور گھنے دھند کی زد میں ہے، جس کا براہ راست اثر ریل اور ہوائی ٹریفک پر پڑ رہا ہے۔ قومی راجدھانی میں دھند کی وجہ سے کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور فلائٹ آپریشن میں خلل پڑا۔
دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل(آئی جی آئی ) ہوائی اڈے پر بدھ کی صبح گھنے دھند نے فضائی آپریشن میں خلل ڈال دیا۔حد نگاہ 50 میٹر سے بھی کم ہو گئی، جس کے باعث سات پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا اور 100 سے زائد بین الاقوامی اور گھریلو پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ کم حدنگاہ کے سبب پائلٹس کے ٹیک آف اور لینڈنگ میں رکاوٹ بنی۔
ملک کی مختلف ریاستوں سے قومی دارالحکومت دہلی پہنچنے والی کئی بڑی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انڈیگو کی دہلی-امرتسر پرواز 6ای-5103 منسوخ کر دی گئی۔ اسپائس جیٹ کی دہلی- وارانسی کی فلائٹ ایس جی -8718 اور دہلی-سری نگر کی فلائٹ ایس جی-661 ٹیک آف نہیں کر سکیں۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کی دہلی-امرتسر فلائٹ آئی ایکس-1683 اور ایئر انڈیا کی دہلی-گوہاٹی فلائٹ آئی ایکس-1030 کو بھی منسوخ کر دیا گیا، جبکہ کچھ پروازیں بھی تاخیر کے ساتھ چلائی گئیں۔

