تاثیر 13 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گنگا ساگر، 13 جنوری (محمد نعیم) مغربی بنگال کے مقدس تیرتھ استھان گنگا ساگر میں جاری عظیم الشان میلہ کے موقع پر لاکھوں زائرین کی سہولت، سلامتی اور بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی حکومت کے کئی وزراء نے آج میلہ علاقہ کا دورہ کیا۔ میلہ علاقہ میں پہنچنے پر تمام وزراء کا والہانہ استقبال سماجی کارکن عبدالسلام نے کیا۔
اس موقع پر ریاستی وزیر اروپ بسواس، سجیت بوس، مانس بھوئیاں، پولک رائے، رکن پارلیمنٹ باپی ہلدار، غیاث الدین ملا سمیت مقامی سطح کے منتخب نمائندے، لیڈران اور انتظامی افسران موجود تھے۔ وزراء نے زائرین سے براہِ راست ملاقات کی، ان کے مسائل دریافت کیے اور میلہ کے مختلف انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزراء نے قیام و طعام، صحت و صفائی، پینے کے پانی، بجلی، نقل و حمل اور سیکورٹی سے متعلق انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ زائرین کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ریاستی وزراء نے کہا کہ گنگا ساگر میلہ ریاستی حکومت کے لیے نہایت اہم ہے اور یہاں آنے والے ہر زائر کی سہولت اور سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ محض ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ بنگال کی تہذیبی روایت، مذہبی ہم آہنگی اور ثقافتی ورثے کی جیتی جاگتی مثال بھی ہے، جسے پرامن اور منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے حکومت تمام ضروری وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
زائرین نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزراء اور اعلیٰ افسران کی میدانی سطح پر موجودگی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ پولیس، انتظامیہ اور رضاکار چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ میلہ بحسن و خوبی اختتام پذیر ہو۔
ریاستی حکومت کے مطابق میلہ کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے طبی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور سیکورٹی فورسز پوری طرح مستعد اور الرٹ ہیں۔

