مغربی بنگال میں نپاہ سے نمٹنے کے لیے ریاست گیر رہنما خطوط جاری ،دونوں متاثرین کی حالت مستحکم

تاثیر 17 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 17 جنوری : ریاستی حکومت نے نپاہ وائرس انفیکشن کے معاملوں کے خلاف احتیاطی تدابیر کے طور پر صحت کے نئے اور تفصیلی رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ تاہم فی الحال صورتحال قابو میں بتائی جارہی ہے۔
نپاہ انفیکشن کی روک تھام اور علاج کے نظام کو مزید مؤثربنانے کے مقصد سے ریاستی محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین رہنما خطوط میں رابطے میں آئے افراد کی خطرے کی بنیاد پردرجہ بندی کرنے، قرنطینہ، کیمو -پروفیلیکسس، جانچ اور علاج کے لیے ایک واضح فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔
رہنما خطوط کے مطابق، متاثرہ یا مشتبہ مریض کے خون، تھوک،لار، قے، پیشاب یا سانس جیسے کسی بھی جسمانی رابطے میں آنے والے یا 12 گھنٹے سے زائد عرصے سے کسی بند جگہ پر قریبی رابطے میں رہنے والے افراد کو ’’ہائی رسک‘‘ تصور کیا جائے گا۔ اس طرح کے غیر علامتی رابطوں کو 21 دن کے گھریلو قرنطین لازمی کیا گیا ہے اوران کی روزانہ صحت کی نگرانی کی جائے گی۔