ناگور میں شدید دھند کے باعث خوفناک سڑک حادثہ، اسکارپیو اور بس میںٹکر، تین ہلاک

تاثیر 8 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ناگور، 8 جنوری : راجستھان میں مسلسل گھنے دھند کی وجہ سے سڑک حادثات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ جمعرات کی صبح ناگور ضلع میں نیشنل ہائی وے 58 پر ایک اسکارپیو اور بس میں زبردست ٹکر ہوگئی۔ خوفناک حادثے میں تین افراد ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہو گئے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکارپیو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
یہ حادثہ سورپالیہ تھانہ علاقہ میں سورپالیہ بائی پاس بس اسٹینڈ کے قریب صبح پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گھنی دھند کے باعث حد نگاہ بہت کم تھی جس کی وجہ سے ڈرائیور سامنے سے آنے والی گاڑیوں کو نہیں دیکھ پا رہے تھے۔
حادثے کے بعد اسکارپیو کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ متعدد افراد سڑک پر اچھل کر گرگئے جبکہ دیگر گاڑی کے اندر پھنس گئے۔ دو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ زخمیوں کو سورپالیہ میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ناگور کے جے ایل این اسپتال ریفر کیا گیا۔ ایک اور نوجوان اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس سے ہلاکتوں کی تعداد تین ہو گئی۔