تاثیر 24 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 جنوری : وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو 18ویں سالانہ روزگار میلے میں مختلف سرکاری محکموں اوراداروں میں منتخب ہونے والے 61ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقرری نامے حوالے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نیا سال نوجوانوں کی زندگیوں میں خوشیوں کا نیا باب لے کر آیا ہے۔ یہ تقرری خط صرف ملازمت کا دستاویز نہیں ہے بلکہ وکست بھارت کی تعمیر کے لیے ایک ’سنکلپ پتر‘ ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج ملک بھر میں 61ہزار سے زیادہ نوجوان اپنے نئے سفر کی شروعات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمت میں شمولیت قوم اور آئین کے تئیں ذمہ داریاں نبھانے کا موقع ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ وقت نوجوانوں کے آئین سے جڑنے اور اپنے فرائض کو سمجھنے کا ہے۔
اپنے خطاب میں، وزیر اعظم نے جنوری کے مہینے کی قومی اہمیتپر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات کا تذکرہ کیا کہ ملک اس وقت یوم جمہوریہ کی تقریبات کے ماحول میں ہے۔ 23 جنوری کو نیتا جی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش پر پراکرم دیوس پر منایا گیا، 25 جنوری کو قومی ووٹرز کا دن اور 26 جنوری کو یوم جمہوریہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسی عرصے کے دوران، ’’جن گن من‘‘ کو قومی ترانے کے طور پر اور ’’وندے ماترم‘‘ کو قومی گیت کے طور پر اپنایا گیا، جس سے اس دن کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

