دھرم پور انڈسٹریل ایریا کی سڑک برسوں سے آبی جمعاؤ، شکایات سننے والا کوئی نہیں

تاثیر 18 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام):دربھنگہ صدر بلاک کے تحت واقع دھرم پور انڈسٹریل ایریا کی مرکزی سڑک گزشتہ کئی برسوں سے شدید آبی جمعاؤ اور خستہ حالی کا شکار ہے، مگر عوامی شکایات کے باوجود انتظامیہ کی بے حسی جوں کی توں برقرار ہے۔ یہ اہم سڑک صدر بلاک دفتر سے لے کر مقامی تھانے تک جاتی ہے اور روزانہ سینکڑوں شہری، سرکاری ملازمین، صنعت کار اور مزدور اسی راستے سے آمد و رفت کرتے ہیں۔ہلکی سی بارش ہوتے ہی سڑک تالاب میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ جگہ جگہ بنے گہرے گڑھوں میں پانی بھر جانے کے سبب آئے دن حادثات پیش آ رہے ہیں۔ موٹر سائیکل سوار پھسل کر گر جاتے ہیں جبکہ آٹو اور چار پہیہ گاڑیاں راستے میں پھنس جاتی ہیں۔ اسکول جانے والے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ نکاسیٔ آب کا کوئی منظم نظام موجود نہیں، جس کی وجہ سے گندا اور بدبودار پانی کئی کئی دنوں تک سڑک پر جمع رہتا ہے۔ اس سے ملیریا، ڈینگو اور دیگر وبائی امراض کے پھیلنے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، مگر متعلقہ محکمے اور بلدیاتی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد بار ضلع انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور عوامی نمائندوں سے تحریری و زبانی شکایات کی گئیں، لیکن ہر بار صرف رسمی یقین دہانی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ عوام میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے اور اگر جلد اس مسئلہ کا مستقل حل نہ نکالا گیا تو احتجاج کی راہ اختیار کرنے کا عندیہ بھی دیا جا رہا ہے۔اس معاملے میں جب متعلقہ محکمہ کے افسران سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ سڑک اور نکاسیٔ آب کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور جلد ہی موقع کا معائنہ کر کے ضروری کارروائی کی جائے گی۔ تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسے وعدے وہ برسوں سے سنتے آ رہے ہیں، مگر زمینی سطح پر کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی۔شہریوں نے ضلع مجسٹریٹ دربھنگہ اور اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ دھرم پور انڈسٹریل ایریا کی اس خستہ حال سڑک کی فوری مرمت، پختہ تعمیر اور نکاسیٔ آب کا مستقل انتظام کیا جائے، تاکہ عوام کو اس دیرینہ اذیت سے نجات مل سکے۔