چنڈی گڑھ میں پانچ اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی

تاثیر 28 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

چنڈی گڑھ، 28 جنوری : چنڈی گڑھ میں بدھ کی صبح اس وقت ہلچل مچ گئی جب یہاں کے پانچ اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی۔ یوم جمہوریہ کی چھٹیوں کے بعد آج صبح ہی اسکول کھلے ہیں۔ یہ دھمکی اسکولوں کی آفیشل ای میل آئی ڈی پر دی گئی ہے۔ اسکولوں میں چھٹی کر کے بچوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے تلاشی لی۔ جن اسکولوں کو دھمکی دی گئی ہے ان میں سیکٹر-25 واقع چتکارا انٹرنیشنل اسکول، سیکٹر-16 کا ماڈل اسکول، سیکٹر-45 کا سینٹ اسٹیفن اسکول، سیکٹر-35 کا ماڈل اسکول اور سیکٹر-19 کا ماڈل اسکول شامل ہیں۔ پولیس کو ان اسکولوں میں سرچ کے دوران کچھ نہیں ملا۔ سیکورٹی کے پیش نظر اسکولوں کے آس پاس پولیس تعینات کی گئی ہے۔ چنڈی گڑھ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سائبر پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ بہت جلد اس بارے میں انکشاف کیا جائے گا۔