تاثیر 15 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 15 جنوری :دھمپور اور ریاسی اضلاع میں گاڑیوں کی فٹنس خدمات کے متعلق فیصلے کے خلاف ٹرانسپورٹروں نے مکمل چکّا جام کیا، جس کے باعث دونوں اضلاع میں عوامی نقل و حمل مکمل طور پر معطل رہی۔احتجاج کے دوران بسیں، منی بسیں، ٹیکسیاں اور سوموز سڑکوں سے غائب رہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر جموں جانے والے مسافر بری طرح متاثر ہوئے۔ ادھمپور میں درماندہ مسافروں نے بتایا کہ عوامی سواری نہ ملنے کے باعث انہیں اپنے سفر جاری رکھنے میں سخت دقت پیش آئی۔
ٹرانسپورٹروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے متعدد انتباہات کے باوجود متنازعہ حکم واپس نہیں لیا گیا، جس پر مجبوراً ہڑتال کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔ ایک ٹرانسپورٹر کے مطابق، انہوں نے پہلے ہی اپنے تحفظات حکام تک پہنچا دیے تھے، مگر کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ٹرانسپورٹروں کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کی حالیہ ہدایت کے تحت ادھمپور اور ریاسی کے گاڑی مالکان کو فٹنس سرٹیفکیٹ کے لیے جموں جانا ہوگا، جبکہ اس سے قبل یہ سہولت مقامی سطح پر دستیاب تھی۔

