تاثیر 22 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
غزہ ،22جنوری :غزہ میں جنگ بندی، تعمیر نو اور مستقل امن کے لیے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے بنائے گئے ’بورڈ آف پیس‘ میں مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا کے 9 ممالک شامل ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات(یو اے ای)، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے اس بورڈ میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ کویت نے بھی بعد ازاں اس میں شامل ہونے کی تصدیق کی ہے۔
’بورڈ آف پیس‘ میں شامل ہونے والے ممالک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ بورڈ غزہ میں مستقل جنگ بندی کو مضبوط بنانے، تعمیر نو میں مدد دینے اور فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت اور ریاست کے قیام پر مبنی منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے کام کرے گا۔
واضح رہے کہ یہ بورڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد غزہ کی جنگ کا خاتمہ بتایا جا رہا ہے۔ بورڈ میں ٹرمپ کے قریبی مشیر اسٹیو وٹکوف، جیرڈ کشنر اور سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر بھی شامل ہیں۔

