تاثیر 25 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 25/جنوری (تاثیر بیورو) حکومتِ مغربی بنگال کی جانب سے شروع کی گئی ترقیاتی مہم ’’اُنّناینیر پانچالی‘‘ کے تحت آج ٹکیہ پاڑہ ہوڑہ کے 20 نمبر وارڈ میں ایک اہم پروگرام منعقد ہوا، جہاں علاقے میں گزشتہ برسوں کے دوران انجام پانے والے ترقیاتی کاموں اور فلاحی اقدامات کا تفصیلی جائزہ عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز بی بی مسجد کے معزز امام صاحب کی دعا سے ہوا، جنہوں نے علاقے کی ترقی، امن و خوشحالی اور عوامی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر مقامی نمائندوں نے اپنے اپنے وارڈ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا رپورٹ کارڈ پیش کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کیا۔
تقریب میں ریاستی وزیر ارپ رائے کے علاوہ رئیس عالم (سنی)، سنٹرل ہوڑہ ترنمول کانگریس کے صدر عبدالقیوم انصاری، شیخ اسلام الدین لالہ، سابق کونسلر عصمت آرا بیگم، سکندر علی خان، مقدر خان، منہر، ظفر علی، محمد حسین، محمد ذاکر، ماسٹر شمش الہدیٰ، ایس کے جیتو، شکیل احمد انتخاب عالم (لڈّن) اور محمد شاہنواز و دیگر نمایاں طور پر موجود تھے۔ اس تعلق سے مقررین نے بتایا کہ ’’اُنّناینیر پانچالی‘‘ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں سال 2011 کے بعد گزشتہ 15 برسوں میں ریاست بھر میں ہونے والی ترقیاتی پیش رفت کی جامع دستاویز ہے، جس میں روزگار، فلاحی اسکیموں، بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کے شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ مقررین کے مطابق ان ترقیاتی منصوبوں کا براہِ راست فائدہ عام شہریوں تک پہنچا ہے اور عوامی معیارِ زندگی میں بہتری آئی ہے۔ آخر میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں اور علاقے کی ترقی کے سفر میں بھرپور تعاون کریں۔

