ایران کے فضائی حدود کے قریب امریکی طیاروں کی پروازیں

تاثیر 12 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،12جنوری:واشنگٹن اور تہران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور باہمی دھمکیوں کے پس منظر میں اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ امریکی طیاروں نے ایران کی فضائی حدود کے قریب پروازیں کی ہیں۔اسرائیلی ٹی وی ’چینل 14‘ کے مطابق ایران کی فضائی حدود کے قریب امریکی طیاروں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ چینل نے بتایا کہ کئی کے سی-135آر طرز کے ایندھن فراہم کرنے والے طیارے اور بی-52 بم بار ایک امریکی اڈے سے روانہ ہوئے۔ یہ پیش رفت وائٹ ہاؤس کی جانب سے اتوار اور پیر کی درمیانی شب نشر کیے گئے ایک اشارے کے بعد سامنے آئی۔وائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ میں لکھا “خدا ہماری افواج کی حفاظت کرے، خدا امریکہ کی حفاظت کرے.. اور ہم ابھی آغاز میں ہیں۔اس ٹویٹ کے ساتھ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تصویر بھی شیئر کی گئی، جس میں وہ “45–47” نمبر والی ٹوپی پہنے ہوئے نظر آتے ہیں، جو ان کی صدارتی مدتوں کی طرف اشارہ ہے، جبکہ نمایاں طور پر یہ نعرہ درج تھا “ہم امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنائیں۔اس کے علاوہ پینٹاگون کی عمارت کے قریب واقع پیزا ریستورانوں میں آرڈرز میں غیر معمولی اضافہ نوٹ کیا گیا، جسے “ڈوگ فائٹ” نامی پلیٹ فارم ممکنہ قریب الوقوع حملوں کی پیش گوئی کے لیے ایک اشارے کے طور پر استعمال کرتا ہے، جیسا کہ اسرائیلی چینل 14 نے رپورٹ کیا۔