تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،31جنوری(ہ س)۔امریکہ نے سعودی عرب کو 9 ارب ڈالر مالیت کے پیٹریاٹ سسٹمز کی فروخت کی منظوری کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکہ محکمہ دفاع پینٹاگان نے کل جمعہ کی شام ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب کو میزائلوں کی فروخت کے اس سودے سے ایک اہم اتحادی کی سکیورٹی مزید مستحکم ہوگی۔دوسری جانب محکمہ خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ مملکت کو اسلحے کی فروخت میں 730 پیٹریاٹ میزائل اور متعلقہ ساز و سامان شامل ہے۔ بیان کے مطابق یہ ڈیل امریکہ کی قومی سلامتی اور نیٹو سے باہر ایک ایسے اہم اتحادی کی سکیورٹی کی حمایت کرتا ہے جو خلیجی خطے میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے ایک قوت کی حیثیت رکھتا ہے۔ مزید برآں یہ بھی اشارہ دیا گیا کہ یہ بہتر صلاحیت سعودی عرب کی بری افواج، امریکہ اور مقامی اتحادیوں کا تحفظ کرے گی اور خطے کے مربوط فضائی اور میزائل دفاعی نظام میں مملکت کے کردار کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔

