تاثیر 1 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں،یکم جنوری :کٹرا سرینگر وندے بھارت ایکسپریس نے جموں و کشمیر میں ریل رابطے کے منظرنامے کو یکسر بدل دیا ہے۔ محض چھ ماہ کے قلیل عرصے میں اس جدید اور تیز رفتار ریل سروس کے ذریعے ساڑھے تین لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا، جو جموں ریلوے ڈویژن کی کارکردگی کا ایک نمایاں اور تاریخی ثبوت ہے۔ریلوے حکام کے مطابق ادھم پور،سری نگر،بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) کے افتتاح کے بعد 6 جون سے کٹرا،سرینگر وندے بھارت سروس کا آغاز عمل میں آیا، جس کے نتیجے میں وادیٔ کشمیر کو پہلی مرتبہ سال کے تمام موسموں میں ملک کے دیگر حصوں سے مضبوط اور قابلِ اعتماد ریل رابطہ میسر آیا۔ جموں ریلوے ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگل نے بتایا کہ ابتدائی تکنیکی اور موسمی چیلنجز کے باوجود ڈویژن نے مسافر سہولیات، مال برداری اور آمدنی کے شعبوں میں غیر معمولی پیش رفت درج کی ہے۔

