تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 31 جنوری : یوگی حکومت اتر پردیش کو ملک کا دواسازی اور میڈیکل آلات تیار کرنے کا مرکز بنانے کی سمت ایک بڑا قدم اٹھانے جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں یوگی حکومت 3 فروری کو دارالحکومت لکھنؤ کے ہوٹل تاج میں‘‘فارما کانکلیو 1.0: انویسٹمنٹ اپرچونیٹیز اِن اتر پردیش’’کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔
یہ کانکلیو اتر پردیش فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ایس ڈی اے) اور انویسٹ یوپی کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کا افتتاح وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کریں گے۔ کانکلیو سے مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود اور کیمیکلز و فرٹیلائزر جگت پرکاش نڈا ویڈیو کے ذریعے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک کے ساتھ ساتھ کابینہ وزیر نند گوپال گپتا نندی اور راکیش سچان، ریاستی وزرا منیکیشور شرن سنگھ اور جسونت سنگھ سینی، نیز ریاستی وزیر (آزادانہ چارج) دیا شنکر مشرا دیالو خصوصی طور پر موجود رہیں گے۔
ایف ایس ڈی اے کے سکریٹری و کمشنر ڈاکٹر روشن جیکب نے بتایا کہ فارما کانکلیو 1.0 میں ملک اور بیرونِ ملک کی سرکردہ فارما کمپنیاں شرکت کریں گی۔ ان میں رامکی گروپ کے چیئرمین اور راجیہ سبھا کے رکن ایودھیا رامی ریڈی، سن فارما کے چیئرمین دلیپ سانگھوی، مین کائنڈ فارما کے چیئرمین رمیش جونیجا، ڈاکٹر ریڈیٖز کے چیئرمین ڈاکٹر ستیش ریڈی، زائیڈس لائف سائنسز کے چیئرمین پنکج آر پٹیل اور ٹورنٹ فارما کے وائس چیئرمین جینل مہتا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کانکلیو کے مختلف سیشنز میں ایم ایس این لیبارٹریز کے ایم ایس این ریڈی، ڈابر کے ڈائریکٹر آدتیہ ورمن اور ایلکیم کے ڈائریکٹر سندیپ سنگھ کی موجودگی بھی قابلِ ذکر ہوگی۔

