تاثیر 20 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 20 فروری: جموں و کشمیر میں فاریسٹ رائٹ ایکٹ کے تحت مجموعی طور پر 41 ہزار 944 دعوے موصول ہوئے ہیں، جن میں 28 ہزار 925 انفرادی جنگلاتی حقوق اور 13 ہزار 19 اجتماعی جنگلاتی حقوق کے دعوے شامل ہیں۔ یہ جانکاری جمعہ کے روز اسمبلی کو دی گئی۔
جنگلاتی حقوق کا قانون 2006 اُن درج فہرست قبائل اور دیگر روایتی جنگلاتی باشندوں کے حقوق کو تسلیم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، جو کم از کم تین نسلوں سے جنگلاتی اراضی پر آباد ہیں۔ اسمبلی میں ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیرِ جنگلات جاوید رانا نے ضلع وار تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ راجوری ضلع میں سب سے زیادہ 16 ہزار 442 دعوے موصول ہوئے، جن میں 9 ہزار 67 انفرادی اور 6 ہزار 2 اجتماعی دعوے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد کپواڑہ میں 6 ہزار 39 دعوے (5 ہزار 448 انفرادی اور 591 اجتماعی) اور پونچھ میں 5 ہزار 175 دعوے (1 ہزار 282 انفرادی اور 3 ہزار 893 اجتماعی) درج کیے گئے۔ وزیر نے بتایا کہ بڈگام میں 4 ہزار 65 دعوے (3 ہزار 862 انفرادی اور 203 اجتماعی) موصول ہوئے، جبکہ ڈوڈہ میں 1 ہزار 795، شوپیان میں 1 ہزار 595، کولگام میں 1 ہزار 405، رام بن میں 1 ہزار 308 اور بارہمولہ میں 741 دعوے درج ہوئے۔

