کرپوری جینتی پر اپوزیشن کو نصیحت، کہا: صرف تقریریں نہیں، ان کے کردار پر عمل کریں

تاثیر 18 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام): جنتادل (یونائیٹڈ) کے رکن اور آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے کرپوری ٹھاکر کی جینتی کے موقع پر اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج کرپوری جی کے نام پر لمبی لمبی تقریریں کر رہے ہیں، انہیں پہلے اُن کے نظریات اور سادگی کو اپنی عملی سیاست میں شامل کرنا چاہیے۔نظرعالم نے کہا، “کرپوری ٹھاکر نے پوری زندگی بغیر کسی لالچ اور ذاتی مفاد کے عوامی خدمت کو ترجیح دی۔ اگر آج کے لیڈر اُن کے ایثار اور سادگی سے کچھ سبق لیتے تو عوام کو زیادہ اچھا محسوس ہوتا۔”انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کے دورِ حکومت میں بہار اغوا، لوٹ، ڈکیتی اور قتل جیسے جرائم کی وجہ سے بدنام رہا۔ “جس دور کو عوام ‘جنگل راج’ کے نام سے یاد کرتے ہیں، وہی لوگ آج وزیراعلیٰ نتیش کمار اور این ڈی اے حکومت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ کیا انہیں ذرا بھی شرم نہیں آتی؟”انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں تعلیم اور روزگار جیسے بنیادی مسائل پر سنجیدگی سے کام نہیں کیا گیا۔ فیکٹریاں بند رہیں، صنعتیں ٹھپ ہوئیں اور لوگوں کو روزگار کے لیے ریاست سے باہر جانا پڑا۔ “جو لوگ کبھی بہار کو بدحالی کی طرف لے گئے، آج وہی تبدیلی کا دعویٰ کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں”نظرعالم نے دوٹوک الفاظ میں کہا، “بہار کا مطلب نتیش کمار، بہار کا مطلب این ڈی اے حکومت۔ ترقی کا مطلب نتیش کمار اور قانون کی بالادستی اور روزگار کا مطلب نتیش سرکار ہے۔”انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار میں قانون کی حکمرانی قائم ہوئی ہے، تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کے میدان میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ “نتیش جی کی موجودگی میں اب بہار کے عوام کو کوئی دھوکہ نہیں دے سکتا اور نہ ہی گمراہ کرسکتا ہے۔ عوام انہیں اپنا قائد مانتی ہے،” انہوں نے کہا۔آخر میں نظرعالم نے کہا کہ بہار ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور عوام این ڈی اے حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔