تاثیر 16 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
رانچی، 16 فروری: جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے جسٹس راجیش کمار کے ساتھ تنازعہ کے معاملے میں ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے ایڈوکیٹ مہیش تیواری کے خلاف مجرمانہ توہین کی کارروائی کو ختم کردیا۔ پیر کو پانچ ججوں پر مشتمل فل بنچ نے وکیل کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کا حکم دیا۔
گزشتہ سماعت کے دوران ایڈوکیٹ مہیش تیواری عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے طرز عمل پر غیر مشروط معافی مانگی۔ جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ پیر کو سنائے گئے فیصلے میں، فل بنچ نے معافی قبول کرتے ہوئے ان کے خلاف توہین عدالت کی مجرمانہ کارروائی کو خارج کر دیا۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس ایم ایس سونک کی سربراہی میں پانچ رکنی فل بنچ نے کی۔ بنچ میں جسٹس سوجیت نارائن پرساد، جسٹس رنگن مکوپادھیائے، جسٹس آنند سین، اور جسٹس راجیش شنکر بھی شامل تھے۔

