مہاراشٹر کوآپریٹو بینک کیس میں اجیت پوار، سنیترا پوار سمیت سبھی ملزمین بری

تاثیر 28 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

 مبئی ، 28 فروری :۔ مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹو بینک سے متعلق مبینہ پچیس ہزار کروڑ کے مالی بے ضابطگیوں کے کیس میں خصوصی عدالت نے اکنامک آفینس ونگ کی کلوزر رپورٹ منظور کرتے ہوئے اجیت پوار سمیت تمام نامزد افراد کو الزامات سے بری کر دیا ہے۔ عدالت نے انسداد بدعنوانی بیورو کے تحت قائم خصوصی عدالت میں پیش کی گئی سی سمری کو قبول کرتے ہوئے اس معاملے میں مزید کارروائی کی گنجائش ختم کر دی۔اس فیصلے کے تحت نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوارسمیت تقریباً ستر دیگر ملزمین کو بھی کلین چٹ مل گئی ہے۔ عدالت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے داخل کی گئی مداخلتی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے تقریباً تیس احتجاجی عرضیاں بھی خارج کر دیں، جن میں انا ہزارے اور مرحوم شالنی پاٹل کی درخواستیں شامل تھیں۔اس سے قبل اکنامک آفینس ونگ کی ایف آئی آر کی بنیاد پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سنیترہ پوار کے خلاف جرندیشور شوگر فیکٹری معاملے اور روہت پوار کے خلاف بارامتی ایگرو کمپنی کیس میں مقدمات درج کیے تھے، تاہم خود اکنامک آفینس ونگ کی تحقیقات میں کسی مجرمانہ سرگرمی کا ثبوت نہ ملنے کے بعد عدالت نے سی سمری رپورٹ قبول کر لی۔اس فیصلے کو ریاست کے اعلیٰ کوآپریٹو بینک سے متعلق طویل عرصے سے جاری مقدمے میں ایک فیصلہ کن پیش رفت مانا جا رہا ہے جس سے تمام نامزد افراد کو قانونی راحت حاصل ہوئی ہے۔