علیگ برادری اور ان کے اہلِ خانہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحاتِ ارتحال پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،یکم فروری:اے ایم یو ایلومنائی ایسوسی ایشن، بہار،پٹنہ نے گزشتہ دنوں علیگ برادری اور ان کے اہلِ خانہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحاتِ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اسی سلسلے میں تمام مرحومین کے ایصالِ ثواب، خراجِ عقیدت اور دعائے مغفرت کے لیے یکم فروری بروز اتوار، دفتر ایسوسی ایشن واقع کیپیٹل ٹاور، فریزر روڈ، پٹنہ میں ایک پُراثر دعائیہ محفل منعقد کی گئی، جس میں علمی، سماجی اور قانونی حلقوں کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر چانکیہ نیشنل لا یونیورسٹی کے معزز وائس چانسلر پروفیسر فیضان مصطفیٰ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد مشیر عالم نے صدر ایڈووکیٹ ندیم سراج اور دیگر عہدیداران کی موجودگی میں تمام حاضرین کا خیرمقدم کیا اور مرحومین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔معروف قانون داں ایڈووکیٹ نصرالہدیٰ خان نے زندگی و موت کے فلسفے پر بصیرت افروز گفتگو کی اور مرحومین کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں پُرخلوص خراجِ عقیدت پیش کیا۔اپنے صدارتی خطاب میں مہمانِ خصوصی پروفیسر فیضان مصطفیٰ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے اپنی مرحومہ والدہ سے وابستہ جذباتی یادیں تازہ کیں۔ انہوں نے اپنی والدہ کی عظمت، قربانیوں اور تربیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح انہوں نے اپنے تمام بچوں کی بہترین پرورش کی اور انہیں اعلیٰ اقدار سے آراستہ کیا۔ پروفیسر مصطفیٰ نے اس موقع پر اے ایم یو ایلومنائی ایسوسی ایشن، بہار–پٹنہ اور اس کے تمام عہدیداران کا محبت، احترام اور تعزیت کے اظہار پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔معروف عالمِ دین علامہ محب اللہ مصباحی نے حیات و ممات، آخرت کی تیاری، والدین کے بلند مقام اور والدین کے انتقال کے بعد اولاد کی ذمہ داریوں پر نہایت مؤثر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حاضرین کو اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے اور اپنے مرحومین کے لیے مسلسل دعا اور صدقۂ جاریہ کا اہتمام کرنے کی تلقین کی۔ محفل کا اختتام علامہ موصوف کی رقت آمیز دعا پر ہوا، جس میں تمام مرحومین کی مغفرت، رفعتِ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اس دعائیہ محفل میں ڈین و پرنسپل لا کالج پروفیسر شریف صاحب، ڈائریکٹر ڈی ڈی ای پروفیسر سلیم جاوید، ایڈووکیٹ اقبال آصف نیازی، علی امام صاحب، تاجدار امان، انور حسین، سید کاظم حسین، شہنواز خان، عمر اقدس جیلانی صاحب، اظفر صاحب، انجم عابدین، اعجاز حسین سمیت متعدد سینئر اراکین، معززین اور خیرخواہوں نے شرکت کی۔ایسوسی ایشن نے جن ممتاز شخصیات کے انتقال پر تعزیت پیش کی ان میں پروفیسر فیضان مصطفیٰ کی والدہ ماجدہ، انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز کے بانی ڈاکٹر محمد منظور عالم، ڈاکٹر امجد علی (اسسٹنٹ پروفیسر، این آئی ٹی پٹنہ) کی والدہ محترمہ، اور جناب انور حسین (بینک مینیجر، پھلواری شریف) کے والدِ محترم شامل ہیں۔ یہ سانحات علیگ برادری اور اہلِ علم کے لیے ایک عظیم نقصان ہیں۔فرمانِ باری تعالیٰ ہے: ﴿كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ﴾ — ہر جان کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔ اسی اٹل حقیقت کے پیشِ نظر اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا تاکہ بارگاہِ رب العزت میں مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی درخواست کی جا سکے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام مرحومین کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔