تاثیر 20 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 20 فروری(ہ س)۔بہار کے مختلف اضلاع میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران سینکڑوں کوّوں کی پراسرار ہلاکت کے بعد حکام نے برڈ فلو (ایوین انفلوئنزا) کی تصدیق کر دی ہے۔ سرکاری جانچ میں مردہ کوّوں کے نمونوں میں ایچ 5 این 1 وائرس پایا گیا ہے، تاہم اب تک پولٹری پرندوں میں اس مرض کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
محکمہ ڈیری، فشریز اینڈ اینیمل ریسورسز کے سکریٹری کپل اشوک شرساٹ نے بتایا کہ مختلف اضلاع میں تقریباً 400 کوّوں کی ہلاکت کے بعد ان کے نمونے جانچ کے لیے بھیجے گئے تھے، جن میں برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے عوام سے گھبرانے کے بجائے احتیاط برتنے کی اپیل کی اور کہا کہ بطور احتیاط پولٹری پرندوں کے نمونے بھی جانچ کے لیے روانہ کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق کٹیہار، بیتیا، پٹنہ اور بھاگلپور سمیت مختلف علاقوں سے جمع کیے گئے نمونے اس ماہ کے اوائل میں کولکاتا کی سرکاری تجربہ گاہ ایسٹرن ریجنل ڈیسیز ڈائگناسٹک لباریٹری بھیجے گئے تھے، جس کے بعد حتمی تصدیق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائی سیکوریٹی انیمل ڈیسیزس نے کی۔

