اے آئی سمٹ میں کانگریس کے ہنگامہ کے خلاف بی جے پی نے احتجاج کیا

تاثیر 21 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 21 فروری :نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ اے آئی سمٹ کے دوران یوتھ کانگریس کے ارکان کے ذریعہ ٹی شرٹ اتار کر کئے گئے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے خلاف بی جے پی کارکنوں نے آج پٹنہ کے انکم ٹیکس گولمبر پر زبردست احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران کارکنوں نے کانگریس پارٹی اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے خلاف نعرے لگائے اور ان کا پتلا نذر آتش کیا۔ بی جے پی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے ریاستی دفتر سے نکل کر انکم ٹیکس گولمبر تک پیدل مارچ کیا۔ انہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کانگریس اور راہل گاندھی کے خلاف نعرے لکھے تھے۔ اس دوران مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین نے جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا کر کانگریس لیڈر کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کیا۔کمہرار کے ایم ایل اے سنجے گپتانے احتجاج کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت منڈپم جیسے باوقار مقام پر یوتھ کانگریس کے ارکان کا رویہ، ایک بین الاقوامی فورم جہاں دنیا بھر کے ماہرین اور مندوبین جمع تھے، نہ صرف غیر مہذب بلکہ ملک دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا، “کانگریس اور راہل گاندھی کی یہ کارروائی ملک کے وقار کے خلاف ہے۔ ایک بین الاقوامی کانفرنس میں اس طرح خلل ڈالنا عالمی سطح پر ملک کو شرمندہ کرنے کے مترادف ہے، جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جا سکتا”۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے کہنے پر یوتھ کانگریس کے کارکن ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی کو اس غیر مہذب رویے کے لیے پوری قوم سے کھلے عام معافی مانگنی چاہیے۔