گجرات میں 33 اسکولوں کو بم کی دھمکی سے خوف و ہراس ، تحقیقات شروع

تاثیر 16 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

احمد آباد، 16 فروری : گجرات کے کل 33 اسکولوں کو پیر 16 فروری کی صبح بم کی دھمکی والی ای میل موصول ہوئی۔ یہ ای میل وڈودرہ کے 18 اور احمد آباد کے 15 اسکولوں کو بھیجی گئی۔
ای میل میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے قابل اعتراض تبصرہ کیا گیا ہے، جن میں “گجرات خالصتان بنے گا” اور “ہندوستان کے ٹکڑے ہو ں گے” جیسی دھمکیاں شامل ہیں۔ اس دھمکی سے تمام سکولوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور والدین میں تشویش پیدا ہو گئی۔ پولیس، فائر بریگیڈ، بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئیں۔ احتیاط کے طور پر اسکولوں کو خالی کرا لیا گیا اور طلباء کو بحفاظت گھر بھیجنے کے انتظامات کیے گئے۔ اسکول کے احاطے اور گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جارہی ہے۔ وڈودر ہ کے ارمی اسکول کے ہاسٹل کو بھی سیکورٹی وجوہات کی بناء پر خالی کرا لیا گیا تھا۔
وڈودرہ کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مہیش پانڈے نے بتایا کہ شہر اور ضلع کے تقریباً 18 اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے طلباء کی حفاظت کو ترجیح دی گئی اور تمام بچوں کو بحفاظت گھر بھیج دیا گیا۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ انہوں نے والدین اور اسکول انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں اور حفاظتی پروٹوکول پر عمل کریں۔ انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے اور طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔