چوسا میں جے مالا تقریب کے دوران دلہن کو مبینہ عاشق نے گولی مار ی، زیر علاج

تاثیر 25 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بکسر، 25 فروری : بہار میں بکسر ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ کے چوسا ملاح ٹولی میں منگل کی دیر رات بارات دہلیز پر تھی اور اسٹیج پر دلہا۔ دلہن کا جے مالا تقریب جاری تھا۔ اچانک گولی چلنے کی آواز آئی جس سے افراتفری پھیل گئی۔ واضح ہو کہ دلہن کو اس کے مبینہ عاشق نے گولی ماری تھی۔ واقعے سے شادی تقریب میں افراتفری مچ گئی۔

پولیس کے مطابق بارات اتر پردیش کے بلیا ضلع کے سلیمان پور سے چوسا پہنچی تھی۔ جے مالا تقریب جاری تھی، دلہا اور دلہن اسٹیج پر موجود تھے۔ اسی دوران منہ باندھے ایک نوجوان اچانک اسٹیج پر چڑھ گیا اور دلہن آرتی کماری(18 سال)،ولد نند جی ملاح کو نشانہ بناتے ہوئے گولی چلا دی۔ گولی لگتے ہی دلہن اسٹیج پر ہی گر گئی۔

واقعہ کو انجام دینے کے بعد ملزم نوجوان موقع سے فرار ہوگیا۔ زخمی دلہن کو فوری طور پر صدر اسپتال لے جایا گیا۔ ابتدائی طبی علاج کے بعد ان کی حالت سنگین دیکھ کر بہتر علاج کے لیے وارانسی ریفر کر دیا گیا۔ زخمی دلہن نے پولیس کو بتایا کہ گولی چلانے والا نوجوان محلے کا دین بندھو ملاح ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ملزم نوجوان یکطرفہ عشق کرتا تھا اور اس سے قبل بھی شادی کی مخالفت کر چکا تھا۔