بجٹ سیشن: بجلی بل کے پرانے بقایہ پر لگ رہے سود کو معاف کرنےکی وزیر توانائی نےیقین دہانی کرائی

تاثیر 12 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 12 فروری : توانائی کے وزیر بیجندر پرساد یادو نے بجلی کے بلوں پر کمپاؤنڈ سود کی معافی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ بہار اسمبلی میں جمعرات کے روزجے ڈی یو ایم ایل اے شوبھانند مکیش نے غریبوں کے لیے بجلی کے پرانے سود کو معاف کرنے اور اصل رقم قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت کا مطالبہ کیا۔حکمراں پارٹی کے ارکان نے بتایا کہ نتیش کمار حکومت نے 125 یونٹ مفت بجلی فراہم کی ہے، لیکن پرانے بجلی کے بلوں کی وجہ سے غریبوں کو یہ فائدہ نہیں مل رہا ہے اور ان کے بجلی کے کنکشن کاٹ رہے ہیں۔ اس کا جواب دیتے ہوئے وزیر توانائی بجیندر یادو نے بتایا کہ گھریلو صارفین کو 125 یونٹ مفت بجلی فراہم کی جارہی ہے اور بقایہ رقم قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ حالانکہ حکومت کے پاس ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے کہ وہ ایک ساتھ تمام بقایہ جات کو معاف کرے۔ لوگ بجلی استعمال کرتے ہیں اور اپنے بل ادا نہیں کرتے، اس لیے حکومت کے لیے ان کے بجلی کے بل معاف کرنا مشکل ہے۔ کئی ایم ایل اے کی جانب سے سود کی معافی کے مطالبات کے بعد وزیربجیندر یادو نے کہا کہ حکومت بقایا بجلی بلوں پر سود معاف کرنے پر غور کرے گی۔قابل ذکر ہے کہ انتخابی وعدے کے مطابق بہار میں89لاکھ بجلی صارفین کو 125 یونٹ مفت بجلی مل رہی ہے۔ صارفین کی بڑی تعداد کو بجلی کے صفر بل موصول ہوئے ہیں۔