تاثیر 17 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 17 فروری (ہ س)۔ بھارت رتن کرپوری ٹھاکر کی برسی کے موقع پر منگل کےروز دیش رتن مارگ واقع جن نائک کرپوری ٹھاکر میموریل میوزیم میں خراج عقیدت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کرپوری ٹھاکرکے مجسمہ پرگلپوشی اور انہیں دلی خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا، دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار، دیہی تعمیرات کے وزیر اشوک چودھری، وزیر زراعت رام کرپال یادو کے علاوہ متعدد عوامی نمائندوں، سماجی کارکنوں اور معززین نے شرکت کی۔ انہوں نے مجسمہ پر گلپوشی کر کے کرپوری ٹھاکر کے تئیں اپنے احترام کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آرٹ، کلچر اور یوتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دعائیہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کرپوری ٹھاکر کی زندگی، جدوجہد اور کام پر مبنی گیت، بھجن، کیرتن اور نرگن گانے پیش کیے گئے۔ فنکاروں نے موسیقی کی پرفارمنس کے ذریعے سماجی انصاف، مساوات اور پسماندہ افراد کی بہتری کے لیے ان کے کام کو یاد کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ کرپوری ٹھاکر کی زندگی سادگی، ایمانداری اور عوامی خدمت کی علامت تھی۔ انہوں نے تعلیم اور سماجی انصاف کے شعبوں میں تاریخی فیصلے لیے، معاشرے کے پسماندہ طبقات کو مرکزی دھارے سے جوڑ دیا۔

