تاثیر 14 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نوادہ، 14 فروری :۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہفتہ کے روز نوادہ پہنچے۔ انہوں نے اپنے ڈریم پروجیکٹ گنگا اُدوا یوجنا کے تحت موتناجے ڈیم پہنچ کر چل رہے کاموں کا جائزہ لیا۔ یہ دورہ سات نشچئے منصوبہ کے تیسرے مرحلے کا حصہ تھا۔ ‘ہر گھر گنگا جل کے نام سے بھی مشہوریہ منصوبہ حکومت بہار کی ایک مہتواکانکشی پہل ہے۔ اس کا بنیادی مقصد جنوبی بہار کے قحط زدہ شہروں کو گنگا سے پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے منصوبہ کے تیسرے مرحلے کے تحت جاری کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی، وزراء اور دیگر معززین وزیر اعلیٰ کے ساتھ موجود تھے۔ نوادہ کے ضلع مجسٹریٹ روی پرکاش، پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھینو دھیمان اور پارٹی کے کئی ضلع صدور نے بھی وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔غور طلب ہے کہ ‘گنگا جل ادوا یوجنا بہار حکومت کا ایک پرجوش منصوبہ ہے، جس کے ذریعے راجگیر، گیا، بودھ گیا اور نوادہ کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جانا ہے۔ اس اسکیم کے تحت گنگا کا پانی پٹنہ کے مکامہ کے قریب ہاتھی دہ سے پائپ لائن کے ذریعے نالندہ، نوادہ اور گیا تک پہنچایا جانا ہے۔ یہ کام مرحلہ وار کیا جا رہا ہے۔ گنگا جل ادواہ پروجیکٹ کے تحت تقریباً 151 کلومیٹر لمبا پائپ بچھا کر گنگا کا پانی مکامہ کے مرانچی سے نکال کر گیا، بودھ گیا، راجگیر اور نوادہ شہروں کے گھروں میں پہنچایا جا رہا ہے۔ہندوستھان سماچار

