تاثیر 6 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 06 فروری :جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز قانون ساز اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالی منصوبہ خطے میں پائیدار ترقی، سماجی ہم آہنگی اور معاشی خوشحالی کی مضبوط بنیاد رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کو ایک جدید، ترقی پسند اور معاشی طور پر مستحکم خطہ بنانے کے لیے سرمایہ کاری، جدت طرازی اور شراکتی طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے کے لیے پْرعزم ہے۔
بجٹ پیش کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ میں گہری عاجزی اور پختہ عزم کے ساتھ آج بطور وزیرِ خزانہ اپنا دوسرا بجٹ پیش کر رہا ہوں۔ ہمارے خطے کے مالی مستقبل کی تشکیل کی ذمہ داری ملنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

