تاثیر 22 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
میرٹھ/ لکھنؤ، 22 فروری : وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ کانگریس زہریلی اور ملک دشمن سیاست میں مصروف ہے۔ کانگریس اب ملک پر بوجھ بن چکی ہے۔ نئی دہلی میں اے آئی سمٹ کے دوران کانگریس کارکنوں کے کپڑے اتارنے اور احتجاج کرنے کے واقعہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ میں کانگریس کے ارکان سے پوچھتا ہوں: ملک جانتا ہے کہ آپ پہلے ہی ننگے ہیں، تو آپ کو کپڑے اتارنے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟
وزیر اعظم مودی نے اتوار کو میرٹھ میں میٹرو ریل اور دہلی-غازی آباد-میرٹھ نمو بھارت کوریڈور کی افتتاحی تقریب میں کانگریس پارٹی پر سخت حملہ کیا۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی شرکت میں ایک تقریب میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جہاں ہم وطن ہندوستان کی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، وہیں ملک کے اندر کچھ سیاسی پارٹیاں ہندوستان کی کامیابی کو ہضم نہیں کر پا رہی ہیں۔
دہلی میں منعقدہ اے آئی سمٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا سربراہی اجلاس تھا جس میں 80 سے زائد ممالک کے نمائندوں، 20 ممالک کے سربراہان مملکت اور لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس تقریب نے پورے ملک کو فخر سے بھر دیا، لیکن کانگریس پارٹی نے ہندوستان کے عالمی اجلاس کو اپنی ننگی اور گندی سیاست کا پلیٹ فارم بنا دیا۔ کانگریس لیڈر غیر ملکی مہمانوں کے سامنے برہنہ ہو کر پنڈال پہنچے۔ ”میں کانگریس پارٹی کے اراکین سے پوچھتا ہوں: ملک جانتا ہے کہ آپ پہلے ہی ننگے ہیں، تو آپ کو کپڑے اتارنے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟”

