تاثیر 13 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 13 فروری (ہ س)۔ راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کو الزام عائد کیا کہ 4 فروری کو صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران ان کی تقریر کے ایک بڑے حصے کو بغیر کسی معقول وجہ کے کارروائی سے ہٹا دیا گیا ۔
کھڑگے نے وقفہ صفر کے بعد ایوان میں کہا کہ انہوں نے اپنی تقریر کے آغاز میں ہی واضح کیا تھا کہ صدر جمہوریہ کا خطاب قومی اہمیت کے مسائل کو اٹھانے کا ایک اہم موقع ہوتا ہے، لیکن کئی اہم موضوعات اس میںشامل نہیں ہوتے ۔ اسی تناظر میں انہوں نے سماجی انصاف، پارلیمانی طریقہ کار اور حکومتی پالیسیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردہ ان کی تقریر کے لفظی متن کا جائزہ لینے پر، انہیں پتہ چلا کہ ان کی تقریر کے وہ حصے حذف کئے گئے ہیں،جن میں انہوں نے موجودہ حکومت کے دور میں پارلیمانی کاموں پر حقائق پر مبنی تبصرے کیے تھے اور وزیر اعظم کی کچھ پالیسیوں پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بطور اپوزیشن لیڈر یہ ان کی ذمہ داری ہے۔

